وجئے پور:26/دسمبر( ایس او نیوز )وزیر برائے شہری ترقیات وحج آر روشن بیگ نے آج بتایاکہ کارپوریشن عمارت کی تعمیر کیلئے 14.5 کروڑ روپیوں کی تجویز موصول ہوئی ہے۔اس معاملے پر وزیر اعلیٰ سے تبادلہئ خیال کے بعد کابینہ اجلاس میں منظوری دلائی جائے گی۔آج کارپوریشن دفتر میں بلدی ملازمین کی جانب سے تہنیت قبول کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ بلدی ملازمین کو باوقار زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے انہیں بنیادی سہولیات کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔دوسری ریاستوں میں جس طرح بلدی ملازمین کو تنخواہیں دی جاتی تھیں، اسی طرز پر ریاست میں بھی ان کے مفادات کے تحفظ کیلئے تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور ان کیلئے صبح میں ناشتہ فراہم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ شہر وجئے پور تاریخی اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل ہے، یہاں کے تاریخی مقامات کے نظارے کیلئے ملک اور بیرون ممالک سے سیاح آتے ہیں، ایسے میں ان سیاحوں کو ترجیحی بنیاد پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر پبلک ٹائلیٹ، یو جی ڈی،اسٹریٹ لائٹ، سڑکوں کی سدھار اور شفاف پانی کی فراہمی کے علاوہ صفائی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ مصروف ترین علاقوں، مارکیٹوں، بازاروں وغیرہ میں پبلک ٹائلٹ اور پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنا ضروری ہے۔ دریں اثناء انہوں نے افسران کے اجلاس میں سڑکوں کی مرمت کے کاموں میں تاخیر کرنے والے کنٹراکٹر سے متعلق رپورٹ پیش کرنے اور زیر التواء کاموں میں تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے بتایاکہ گلبرگہ جیسے تاریخی شہر میں جس طرح پبلک ٹائلٹ تعمیر کئے گئے ہیں،اسی طرز پر یہاں بھی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے بتایاکہ جس طرح سات وارڈوں میں 24x7 پانی فراہم کیاجارہا ہے، اسی طرز پر مرحلہ وار طور پر تمام وارڈوں میں پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ جناب روشن بیگ نے قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کو ترقی دینے کے علاوہ اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب کے ساتھ واچ مین کے تقرر کیلئے احکامات جاری کئے اور دھوبی گھاٹ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ جدید تیکنالوجی سے آراستہ مذبح خانہ، اسٹیڈیم اور سوئمنگ پل کی تعمیر کیلئے منصوبہ تیار کرکے تجویز روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی و وزارت شہری ترقیات کے پارلیمانی سکریٹری ڈاکٹر مقبول باغوان نے بتایاکہ شہر میں ماسٹر پلان پر عمل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، جس کیلئے انہوں نے 250کروڑ روپیوں کی امداد جاری کرنے کی درخواست کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے بی شیوکمار، میئر فاطمہ ادریس بخشی، ڈپٹی میئر گوپال گھٹکاملے، کارپوریٹرس راجیش دیوگری، راہول جادھو، عبدالرزاق ہورتی، اور دیگر موجود تھے۔